نئی دہلی،24؍فروری(ایس او نیوز؍ایجنسی)مرکز اور دہلی پولیس نے منگل کو دہلی ہائی کورٹ کو بتایا کہ مرکز نظام الدین کی مسجد بنگلے والی کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کووڈرہنما خطوط کے مطابق اگلے ماہ دوبارہ کھولا جا سکتا ہے- اس سلسلے میں اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کیلئے مرکز اور پولیس کو وقت دیتے ہوئے جسٹس مکتا گپتا نے مسجد سے تالے ہٹانے کی درخواست کو 4 مارچ کو سماعت کیلئے درج کیا -اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ ڈی ڈی ایم اے کے کووڈ رہنما خطوط مرکز نظام الدین پر بھی لاگو ہوں گے، عدالت نے نومبر 2021میں مذہبی جگہ کے پولیس اور دہلی وقف بورڈکومشترکہ معائنہ کا حکم دیا تھا، جہاں 2020میں تبلیغی جماعت کے اراکین کے کورونا وائرس کے مثبت ٹسٹ کے بعد عوام کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی-دہلی وقف بورڈ نے ایک درخواست میں عدالت کو مطلع کیا کہ اس کے سامنے مشترکہ معائنہ کی رپورٹ رکھی گئی ہے لیکن مرکز نظام الدین پر پابندیوں میں نرمی کی درخواست 21 اپریل کو سماعت کیلئے درج ہے- اس تاریخ سے پہلے معاملے کی سماعت اور پابندی ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا- تالے کے بارے میں، وقف بورڈ کی نمائندگی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ سنجوئے گھوش نے عدالت کو بتایا کہ رمضان کا مہینہ 2 /اپریل کے آس پاس شروع ہوتا ہے اور شب برأت بھی مارچ کے مہینے میں ہوتی ہے-وقف بورڈ نے اپنی درخواست ایڈوکیٹ وجیہہ شفیق کے ذریعہ داخل کی جس میں کہا گیا کہ مسجد چوڑی والی کے نام سے مشہور مسجد وضو خانہ کے ساتھ چار منزلوں پر مشتمل ہے، شب برأت کے ساتھ ساتھ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران نماز کی اہمیت کے پیش نظر نمازیوں کیلئے ضروری ہو گی-مرکز اور دہلی پولیس کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مرکز نظام الدین کے علاقوں کو مشترکہ معائنہ کے بعد پہلے ہی مختص کیا گیا ہے اور صرف یہ سوال باقی ہے کہ کتنے لوگوں کو نماز پڑھنے کی اجازت دی جاسکتی ہے-اس کا فیصلہ ڈی ڈی ایم اے کے رہنما خطوط کے مطابق کیا جائے گا- دہلی وقف بورڈ نے فروری 2021میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ مسجد بنگلے والی، مدرسہ کاشف العلوم اور بستی حضرت نظام الدین میں واقع منسلک ہاسٹل مارچ 2020سے تالے میں ہیں -دہلی وقف بورڈ کو معلوم ہوا ہے کہ مقامی پولیس نے علاقے کے صرف 5-6 /افراد کی فہرست تیار کی ہے جو اکیلے ہی نماز کیلئے مسجد میں داخل ہو سکتے ہیں - مقامی پولیس مرکزی دروازے پر تالے کھول دیتی ہے، انہیں نماز کے وقت داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے- نماز ختم ہونے کے بعد، وہ لوگ باہر آتے ہیں اور اس کے فوراً بعد پولیس مرکزی دروازے کو دوبارہ بند کر دیتی ہے-